حکومت ہنگامی بنیادوں پر زرعی منصوبے شروع کر رہی ہے،محبوب سلطان
اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ و غذائی تحقیق صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا ہے کہ حکومت نے زرعی ایمرجنسی کا نفاذ کیا ہے اور اس سلسلے میں زراعت کا مختلف شعبوں میں ہنگامی بنیادوں پر مختلف منصوبوں کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے عالمی سطح پر کپاس کی پیداوار میں بہتری کے منصوبے کے حوالے سے گلوبل ڈائریکٹر مس عالیہ ملک،کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر شفیق اور ڈاکٹر شاہد ضیا ء سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ، ملاقات میں وفاقی سیکرٹری ہاشم پوپلزئی اور محمد علی تالپور اکنامک کنسلٹنٹ بھی موجود تھے ،صاحبزادہ محبوب سلطان نے بتایا کہ اگرچہ کپاس ان 5 منصوبوں کا حصہ نہیں ہے لیکن وزیر اعظم کی خصوصی تاکید و دلچسپی سے کپاس سے منسلک ادارے اور دیگر کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لئے مختلف اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اور یہ امید کی جاسکتی ہے کہ مستقبل میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق ، بی سی آئی کے اشتراک سے کسی منصوبے پر کام کرے۔