دہشتگردی عالمی وبائ‘کسی مذہب سے تعلق نہیں:خرم نوازگنڈاپور
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پا کستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ اسلام کسی ایک بے گناہ کی موت کو پوری انسانیت کی موت قرار دیتا ہے۔دہشتگردی عالمی وباء بن چکی ہے جس کا کسی مذہب،ملک اور قوم سے کوئی تعلق نہیں۔دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سب سے زیادہ جانی مالی قربانیاں پاکستان نے دیں ہیں۔پشاور میں دہشتگردوں کے خلاف پاک آرمی و دیگر سیکیورٹی فورسز کے اداروں کے جوانوں کو کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔دہشتگردی اور دہشتگردوں کا خاتمہ کر کے ہی ہم ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔دہشتگردوں کے خلاف قربانیاں دے کر اور بہادری سے لڑ کر ہم نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم ذمے دار قوم ہیں۔دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں سیکیورٹی فورس کے جوان کی شہادت افسوسناک ہے۔سیکیورٹی فورسز نے ذمہ داری کے ساتھ بر وقت کارروائی کر کے ملک و قوم کو ایک بڑے نقصان سے بچا لیا ہے،سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے جانیں قربان کر کے قوم کی آزادی اور عزت نفس کو تحفظ دیا،ساری قوم اپنی بہادر فورسز کو مبارکباد پیش کرتی ہے۔