حکومت آئی ایم ایف سے معاہدہ کی شرائط قوم کے سامنے لائے:امیرالعظیم
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے تحت ملنے والے رقم کو کن شرائط پر وصول کررہی ہے ،معاہدے کو قوم کے سامنے لایا جائے۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے قرض لے کر کبھی پاکستان ترقی و خوشحالی کی منازل طے نہیں کرسکتا ۔دنیا میں ایسی کوئی مثال نہیں جس نے قرض لے کر ترقی کی ہو۔ ملک میں پہلے ہی مہنگائی بے قابو ہوچکی ہے جبکہ آئی ایم ایف کی شرائط پر قرض لینے سے ملک میں مہنگائی کا نہ تھمنے والا نیا طوفان آئے گا۔حکمرانوں کے پاس کوئی معاشی وژن نہیں ہے۔ ادویات کی قیمتوںمیں دو سو فیصد تک اضافے کو واپس لینے کا حکم دیا تھا ، آج کئی دن گزر چکے ہیں نہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لیا گیا اور نہ ہی حکومت نے اس مجرمانہ اقدام کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں لائی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کے غیر دانشمندانہ اقدامات کے باعث ملک میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص حیران و پریشان ہے۔لوگوں کو ریلیف نام کی کوئی چیز میسر نہیں۔