نوجوانوں کو تعلیم کیساتھ پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی جائے:امجد خان
لاہور(نیوزرپورٹر) پاکستانی نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ نوجوان خداداد صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے درمیان اشتراک عمل کے روشن امکانات ہیں اور ہم اس قومی نظریاتی ادارے کے ذریعے نسل نو کی تعلیم و تربیت کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر امجد خان کی سربراہی میں پاکستان کے دورے پر آئے وفد نے ایوانِ کارکنانِ تحریک پاکستان لاہور میں نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے جنرل سیکرٹری بیرسٹر میاں وحید الرحمان‘ ڈائریکٹر سید سراج احمد اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔ امجد خان نے کہا کہ برطانیہ اور یورپ میں اسلاموفوبیا کی موجودہ لہر کے تناظر میں پاکستانی تارکین وطن کی طرف سے اپنے ملک میں سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے اور یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بھی وطن عزیز کے مختلف شعبوں میں تقریباً20کروڑ پائونڈ کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم نے جن شعبوں کو سرمایہ کاری کے لئے منتخب کیا ہے‘ ان میں تعلیم‘ ہائوسنگ سیکٹر‘ صحت‘ سیاحت‘ سپورٹس‘ سرجیکل انسٹرومنٹس‘ فروٹ پراسیسنگ پلانٹ‘ ٹیکسٹائل‘ پی آئی اے‘ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر شامل ہیں۔ امجد خان نے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کی قوم ساز سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپنی تاریخ اور نظریے سے بیگانہ رہ کر کوئی قوم آگے نہیں بڑھ سکتی اور مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ اس ادارے نے وطن عزیز کی نسل نو کو اپنی توجہ کا محور و مرکز بنایا ہوا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کی طرف سے ایک ماڈل تعلیمی ادارہ قائم کرنے کے ضمن میں یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بھرپور تعاون کرے گا۔ امجد خان نے یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے شاہد رشید کو مستقبل قریب میں برطانیہ کے دورے کی دعوت دی تاکہ دونوں اداروں کے درمیان اشتراک عمل کے مزید امکانات کا جائزہ لیا جاسکے۔ بیرسٹر میاں وحید الرحمن نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی آبادی کانصف سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے جو کسی بھی ملک کے لئے بہت بڑی نعمت ہے۔ ان نوجوانوں کو ایسی پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت مہیا کرنے کی ضرورت ہے جو مارکیٹ اور انڈسٹری کی ضروریات سے مطابقت رکھتی ہو۔ بیرسٹر میاں وحید الرحمن نے کہا کہ اگر پاکستان کو ترقی کرنا ہے تو حکومت کو ہیومن ڈویلپمنٹ پر توجہ دینا ہوگی اور نوجوانوں کو ہنر مند بنانا ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ بریگزٹ کی وجہ سے برطانیہ میں اس وقت غیر یقینی صورتحال ہے جس کے باعث وہاں مقیم پاکستانی اپنے ملک میں سرمایہ لگانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ حکومت پاکستان کی طرف سے سرمایہ کاروں کے لئے مراعات کا اعلان‘ سیاحت کے فروغ کا عزم اور غیر ملکی سیاحوں کے لئے ویزوں کے حصول میں آسانی جیسے اقدامات خوش آئند ہیں۔ بیرسٹر میاں وحید الرحمن نے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے پراجیکٹ ایوان قائداعظمؒ کی تکمیل پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ ہم وہاں قائم مادرِ ملتؒ لائبریری کا لندن کی انڈیا آفس لائبریری سے رابطہ کروا دیں گے کیونکہ وہاں برصغیر کی تاریخ کے متعلق نایاب تحریری و تصویری مواد موجود ہے۔ قبل ازیں شاہد رشید نے وفد کے اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے اغراض و مقاصد اور نظریاتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم اپنے محدود مالی وسائل کے باوجود پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کے مطابق ایک جدید اسلامی‘ جمہوری اور فلاحی مملکت بنانے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ اُنہوں نے وفد سے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے ایسے بہت سے طالبعلم اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے پاکستان آتے ہیں جنہیں مالی معاونت کی ضرورت ہوتی ہے اور یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس ضمن میں بڑا مفید کردار ادا کرسکتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ نوجوان پاکستانی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ قائداعظمؒ نے بھی انہی کی صلاحیتوں اور جوش و جذبے پر انحصار کرتے ہوئے حصول پاکستان کی جنگ میں فتح حاصل کی تھی۔ آج پاکستان کو درپیش سنگین چیلنجز سے عہدہ برآء ہونے کے لئے بھی ہمیں اپنی نوجوان نسل پر بھروسہ اور انہیں جدید علوم و فنون سے مسلح کرنا ہوگا۔ اُنہوں نے وفد کو آگاہ کیا کہ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے تحت ہر سال موسم گرما کی تعطیلات کے دوران ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں ایک نظریاتی سمر سکول کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ یہ تجربہ انتہائی شاندار رہا ہے۔