ملکی بدنامی کا باعث بننے والی تنظیموں کونشان عبرت بنادیاجائیگا، شہریار
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی نے واضح کیا ہے کہ آئین وقانون پر کسی قسم کاسمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ملک کی بدنامی کا باعث بننے والی تنظیموں کونشان عبرت بنایا دیا جائے گا۔ہزارہ برادری کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے گا وزیراعظم کی ہدایت پر معاون خصوصی زلفی بخاری کے ہمراہ کوئٹہ گیا تھا۔ مذاکرات کے بعد ہزارہ کمیونٹی نے دھرنا ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔دہشت گردی کے خلاف تمام فورسز اور حکومت ایک پیج پر ہے ،نیشنل ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز اپنی وزارت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ملک کامثبت تشخص اجاگر کرنے کیلئے حکومت نے انقلابی اقدامات کیے ہیں ۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی نئے پاکستان میں کسی سے امتیازی سلوک روا رکھا جائے گا ۔ میرے پاس 1800کے قریب شمالی وزیرستان کے مشیران آئے جن کا مقصد متاثرین کی بحالی ،آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن اور جو بیرون ملک چلے گئے انہیں پاکستان لایا جائے ، ہم اس کیلئے متفق ہیں وہ ہمارے پاکستانی ہیں ، اس کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے بات ہوگئی ہے ، ان کے جائز مطالبات ہیں انہیں تسلیم کیا جائے گا ، الیکشن کمیشن کے ذریعے رجسٹرڈ کر کے ان کی پکڑی گاڑیوں کو چھڑایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کا واضح پیغام ہے کہ ہم سب پاکستانی ہیں ، ہم ہر متاثر شخص کے پاس جائیں گے ، پاکستان کے ہر قبائل ،فرقے ،قومیت اور مذہب کو عزت دی جائے گی ،ان کے جائز مطالبات من وعن تسلیم کریں گے ، گزشتہ حکومتوں کی بے لچک پالیسی کی وجہ سے پاکستان کی روایات، کلچر، ثقافت کو دنیا تک نہیں پہنچایا جا سکا، سیاحوں کیساتھ بدتمیزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے کینیڈین سیاح کے ساتھ ہونے والی بدتمیزی کے خلاف کارروائی کی گئی ہے متعلقہ افراد کے خلاف ایکشن لیا گیاہے۔