پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنیکی بھارتی کوششیں ناکام ہوئیں، تہمینہ جنجوعہ
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)سبکدوش ہونے والی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا ایک اہم ملک ہے اور اس نے خطے میں امن و ترقی کے لئے ہمیشہ تعمیری کردار ادا کیا ہے۔منگل کی شام ، مدت ملازمت کے آخری روز، سبکدوشی سے پہلے انہوں نے فارن آفس کور کرنے والے صحافیوں سے الوداعی ملاقات کی اور اس موقع پر خارجہ پالیسی کے حوالہ سے گفتگو بھی کی۔ پاکستان کے نئے سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور ترجمان دفتر خارجہ بھی اس موقع پر ان کے ساتھ موجود تھے۔ اس موقع پر تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لئے سہولت فراہم کر رہا ہے جو جاری رہے گی۔ پاکستان کے بہت سے مخالفین موجود ہیں تاہم پاکستان نے ہمیشہ تمام مسائل کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔وزیراعظم کے آئندہ دورہ ایران کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ علاقائی روابط کے سلسلے میں یہ ایک اہم دورہ ہے۔ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ پنتیس سال فارن سروس میں خدمات سرانجام دینے کے بعد رخصت ہورہی ہوں۔پاکستان نے مجھے بہت کچھ دیا ہے۔وزارت خارجہ کے تمام اہلکار ملک کے لئے بہترین خدمات سرانجام دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ذرائع ابلاغ کی مدد اور حمایت ملک کی خارجہ پالیسی کے فروغ کے لئے اہم ہے۔ملک کا جھنڈا ہمیشہ بلند رکھا ہے۔تہمینہ جنجوعہ کا کیریئر بہت شاندار رہا ہے۔وزارت خارجہ کا کام سفارتکاری اور امن ہے۔وزارت خارجہ کا کام دنیا کے تمام ممالک سے اچھے تعلقات کا قیام رہتا ہے۔پاکستان کا دنیا میں اہم مقام ہے، ہماری بات سنی جاتی ہے۔افغان امن عمل میں سہولت کاری کے لئے کوشش کرتے ہیں۔بھارت میں انتخابات تک خاموشی سے دیکھ رہے ہیں، خطے میں امن چاہتے ہیں۔ پاکستان کی فارن پالیسی بڑی واضح ہے۔ بھارت سے تعلقات ہمیشہ ایک مخصوص نہج پر رہے ہیں۔بھارت میں انتخابات کے بعد تعلقات آگے بڑہیں گے۔بھارت اچھے تعلقات کے لئے ایک قدم اٹھائے گا تو ہم دو اٹھائیں گے۔پاکستانی سفارتکار اپنی کارکردگی کے لحاظ سے بہترین اور تربیت یافتہ ہیں۔فیصلہ سازی سیاسی حکومت کا کام ہے، وزارت خارجہ نیک نیتی سے اپنا نکتہ نظر بیان کرتی ہے۔ پروفیشنل اور فارن پالیسی ماہر کو نئی دہلی بھیجا جائے گا۔