افغانستان: سکیورٹی فورسز کی کارروائی، جھڑپیں، 14 طالبان، داعش کے 4 جنگجو ہلاک
کابل(آئی این پی/شِنہوا)افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں افغان فوجی کمانڈوز نے طالبان ٹھکانوں پر حملہ کرکے چھ طالبان ہلاک اور نو گرفتار کرلیے۔ افغان وزارت دفاع کے مطابق افغان فوج نے قندوزکے علاقے کاکر میں خصوصی آپریشن شروع کیا جس کے جواب میں طالبان ٹھکانوں سے زبردست فائرنگ کی گئی سیکیورٹی فورسز نے بھی جوابی کاروائی کی جس کے نتیجے میں چھ جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ ایک گاڑی‘ راکٹوںکے 8رائونڈ اور8بارودی سرنگیں بھی تباہ کردی گئیں سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب ننگرہار میں طالبان اور داعش کے درمیان جھڑپوں میں 8 طالبان اور داعش کے 4 جنگجو ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ ادھر طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں موجود صحافیوں کو بذریعہ فون بتایا کہ دوحہ میں طالبان وفد میں خواتین شامل ہونگی۔ قبل ازیں افغان حکومتی عہدیداروں نے اعلان کیا تھاکہ آئندہ ہفتے دوحہ میںمذاکرات میں شرکت کرنے والے 150 اراکین پر مشتمل وفد کی فہرست کو حتمی شکل دینے کے قریب ہیں۔ اس وفد میں درجنوں خواتین بھی شامل ہونگی۔