پی ٹی ایم کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی جائے گی،بیرسٹر سیف
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کے کنونیئر بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ طبقاتی محرومیوں کا ازالہ آئین اور قانون کے تحت ممکن ہے اور ایوان بالاء نے اس کمیٹی کا قیام بھی اسی مقصد کیلئے کیا ہے تاکہ وہ طبقات جن کی حق تلفی ہو یا وہ محرومیوں کا شکار ہوں ان کے مسائل کا حل نکالا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ایوان بالاء وفاق کا نمائندہ ایوان ہے جہاں نہ صرف مسائل کو سنا جاتا ہے بلکہ ان کا حل نکالنے کیلئے سفارشات مرتب کر کے ٹھوس اقدامات بھی اٹھائے جاتے ہیں اور اس طرح سے یہ ایوان وفاق ، صوبوں اور محروم طبقات کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار خصوصی کمیٹی کے اجلاس کی پارلیمنٹ ہائوس میں صدرات کے دوران کیا ۔اجلاس میں پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما منظور پشتین ایم این اے محسن داوڑ شریک تھے ۔سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف پی ٹی ایم کی قیادت کو خوش آمدید کہا انہوں نے کہا کہ پشتون ثقافت کی اپنی روایات ہیں اور ان روایات میں جرگہ کلچر ایک ایسی روایت ہے جہاں گفت وشنید اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جاتا ہے اور یہ کمیٹی آئین اور قانون کے مطابق ایک پل کا کردار ادا کرتے ہوئے پی ٹی ایم کے تحفظا ت کو دور کرنے کیلئے بھر پور کوشش کر ے گی ۔ منظور پشتین نے کمیٹی کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ لاپتہ افرادکی بازیابی ، بارودی سرنگوں کو ہٹانے اور ایک حقائق و مصالحتی کمیشن تشکیل دینے کیلئے اقدامات کیے جائیں تاکہ ان علاقوں کے عوام کا اعتماد بحال ہو ۔انہوں نے سینیٹ کی کمیٹی پر پورے اعتماد کا اظہار کیا اور کمیٹی کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مطالبات واضح ہیں اور ان کا حل انتہائی ضروری ہے ۔کمیٹی اراکین نے پی ٹی ایم کے ان مطالبات کو جائز قرار دیا ۔