آٹھ ماہ میں قوم کنگال‘وزراء خوشحال ہوگئے:اویس نورانی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ آٹھ ماہ میں ملک بدحال، قوم کنگال اور وزراء خوشحال ہو گئے ہیں۔ عوام کا حکومت پر اعتماد اور اعتبار ختم ہو چکا ہے۔ سیاسی منظر نامے کی تبدیلی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ سال کے آخر تک بہت کچھ تبدیل ہو جائے گا۔ پی ٹی آئی کی حکومت تاریخ کی ناکام ترین حکومت کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔ اپوزیشن اب حکومت کو مزید مہلت نہیں دیگی۔ حکومت اپوزیشن کو مشتعل کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی۔ قبل از وقت انتخابات نوشتہ دیوار ہے۔ حکومت پر بوکھلاہٹ اور گھبراہٹ طاری ہے۔ ن لیگ کو عدالتوں سے ریلیف ملنا خوش آئند ہے۔ اپوزیشن کے اتحاد کیلئے راہ ہموار ہو چکی ہے۔ اپوزیشن متحد ہو کر میدان میں نکلی تو حکومت کا چلنا مشکل ہو جائیگا۔ نااہل حکومت نے ملک کو آئی سی یو میں پہنچا دیا ہے۔