مساجد‘مدارس اصلاحی مراکز‘آبادکرنا دینی فریضہ ہے:سید جواد نقوی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا ہے کہ مساجد اور مدارس ہدایت کے مراکزہیں، انہیں آباد کرنا دینی فریضہ اور قومی ذمہ داری ہے۔ علما آئندہ نسلوں کو دین پہنچانے کا ذریعہ ہیں۔مساجد آباد نہ ہوں تو باعث شرمندگی ہے۔ مدرسہ علمیہ باب الحوائج کی تعمیر نو کے بعد افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ مساجد اور امام بارگاہوں کی رونق مدارس دینیہ ہیں۔ جو ان دونوں دینی مراکز کے لئے علما کی فورس تیار کرتے ہیں۔ یہ علما ہی ہیں جو اگلی نسلوں سے پچھلی نسلوں کو دینی طور پر منسلک کرتے ہیں۔اگر علماء نہ ہوتے تو نسلوں کا دینی رشتہ کٹ جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نسل کی دینی اقدار کو میڈیا اور سوشل میڈیا کی یلغار کا سامنا ہے جو گمراہی کا منبع بن چکا ہے۔ والدین، مومنین اور علماء کو چاہئے کہ آئندہ نسلوں کو مسلمان رکھنے کیلئے ضروری اقدامات کریں۔