عمران ملک کو ریاست مدینہ کے اصولوں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں:ثوبیہ کمال
لاہور ( لیڈی رپورٹر) ممبر قومی اسمبلی و وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان ثوبیہ کمال خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمرا ن خان کی قیادت میں پاکستان کو مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر کھڑا کرنا ہے، مدینہ ریاست ایک ماڈل تھی جس کا سب سے بڑا اصول انصاف اور انسانیت تھا،جس پر ایک عظیم قوم بنی ہم اُ س نظریے پر واپس نہ آئے تو پاکستان کا مقصد ختم ہو جائے گا،پاکستان ایک نظریے پر بنا تھا،جو قوم اپنے نظریے سے ہٹتی ہے وہ تباہ ہوجاتی ہے، نئے پاکستان کا مطلب قائداعظم محمد علی جناح اور ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا پاکستان ہے۔انہوں نے کہا کہ کر پٹ سیاست دانوں کی وجہ سے پاکستان دنیا سے پیچھے رہ گیا ہے،زندگی کی بنیادی سہولتیں موجود نہیں ہیں، تعلیم ، انصاف ، صحت اور روزگار ہے تو سب کچھ ہے، ایک ڈاکو کو پکڑتے ہیں تو اسمبلی میں سارے اکٹھے ہو جاتے ہیں اور جمہوریت خطرے میں آجاتی ہے، مغربی جمہورتیں ہم سے آگے نکل گئی ہیں، یہاں ہر بڑاڈاکو نیلسن منڈیلابن جاتاہے۔ن لیگ نے وزیراعظم عمران خان پر منی لانڈرنگ کا الزام لگایا جس نے چالیس سال پرانے کاغذات عدالت میں پیش کیے اور صادق و امین قرار پائے ، کرپٹ مافیا جتنا بھی شور مچائیں ایک ایک کا احتساب کریں گے،جمہوریت کے نام پر کرپشن ٹولہ اپنی چوری چھپانے میں مصروف ہے۔