نوجوان تعلیم ‘کھیل کے ساتھ خدمت خلق کیلئے کوشش کریں:ذکراللہ مجاہد
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جس معاشرے میں میدان آبادہوں تو ہسپتال ویران ہو جاتے ہیں کیونکہ ایک صحتمند جسم ہی صحتمند دماغ رکھتا ہے اور ذہنی نشو ونما اور صحت کے لیے میدان آباد ہو تے رہنے چاہیے تا کہ صحتمند معاشرہ تشکیل پا سکے۔ نوجوان کھیل کود کے ساتھ تعلیم تروبیت اور خدمت خلق کے میدان اعلیٰ کارکردگی کامظاہرہ کریں اور بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ایک اچھا کھلاڑی جذبہ خدمت خلق ،اخلاق اور تعلیم و تربیت کے بغیر نا مکمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے ریس کورس پارک میں ہونے والے کرکٹ سیزیز کی افتتاحی تقریب میں نوجوان کھلاڑیوں اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑی اور کھیل کے میدان نوجوان نسل کا شعور بیدار کر کے ان میں مقابلے کا رجحان پیدا کرتے ہیں۔ اس طرح کی غیر نصابی سرگرمیاں ہی صحتمند معاشرے کو پروان چڑھاتی ہیں۔