جعلی کال اپ نوٹس: سندھ ہائیکورٹ نے انکوائری چیئرمین نیب کے حوالے کر دی
کراچی( آن لائن )سندھ ہائیکورٹ نے نیب کی جانب سے شہری شمشاد علی کو جعلی کال اپ نوٹس بھیجنے کے معاملے کی انکوائری چیرمین نیب کے حوالے کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔ڈی جی نیب کراچی سندھ ہائیکورٹ کی طلبی پر ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے جعلی کال اپ نوٹس بھیجنے کے معاملے پر ڈی جی نیب سے مکالمہ بھی کیا۔عدالت کی طرف سے کہا گیا کہ ڈی جی صاحب آپ دیکھ رہیں ہے یہ کیا ہو رہا ہے؟عدالت نے استفسار کیا کہ یہ نیب کا رجسٹر کب اور کیسے خرید کیا گیا ؟جعلی کال اپ نوٹس معاملے کی تحقیقات چیئرمین نیب سے کیوں نہ کروائی جائے ؟عدالت نے ڈی جی نیب پر شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا آج آپ نے دیکھا ہوگا کہ نیب والوں کی کیا کارگردگی ہے ؟ہم نیب والوں کو ہر کیس میں ہر بار موقع دیتے ہیں کہ تیاری کے ساتھ آئیں مگر پھر بھی کارگردگی آپ کے سامنے ہے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہم نہیں چاہتے کہ کسی قومی ادارے کا نام خراب ہو۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے معاملے کی تحقیقات کی ہے، کال نوٹس نیب نے جاری نہیں کیا گیا۔ کال اپ نوٹس جاری ہونے کے بعد احتساب عدالت حیدر آباد رجسٹرار آفس سے ملزم کو کال کی گئی،معاملے کی تحقیقات پولیس بھی کررہی ہے، نیب کا تفتشی افسر کسی کو براہ راست کال اپ نوٹس جاری نہیں کرتا۔