ایپکا کی مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی‘ دھرنا بھی دیا
لاہور (سپیشل رپورٹر) ایپکا کی کال پر مہنگائی کے خلاف اور حکومت کی جانب سے مطالبات پر کوئی توجہ نہ دینے کے خلاف پنجاب کے تمام اضلاع کے محکمہ جات و ضلعی صدور کی قیادت میں مظاہرہ کیا گیا۔ لاہور میں لارڈ میئر کے دفتر کے باہر دھرنا اور ٹاؤن ہال سے سیکرٹریٹ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جبکہ واسا ملازمین نے بھی احتجاج کیا۔ جناح ہسپتال چوک‘ شوکت خانم چوک‘ ساندہ روڈ اور دیگر مقامات احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صدر حاجی ارشاد نے کہا کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ ملازمین کا جینا دوبھر ہو گیا ہے۔ حکومت فوری مطالبات منظوری کا اعلان کرے ورنہ پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔