قصور: ترقیاتی ٹینڈرز روکنے کا اقدام معطل‘ کام جاری رکھنے کا حکم
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے قصور کی مختلف یونین کونسلز کے ترقیاتی ٹینڈر روکنے کے خلاف دائر درخواست پر کام روکنے کا اقدام معطل کرتے ہوئے کام جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے لوکل گورنمنٹ اور چیف ایگزیکٹو قصور سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کر لی۔ لاہور ہائیکورٹ نے یونین کونسلز کے چیئرمینوں کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر رانا خضر حیات پیش ہوئے۔ درخواست گزار وکیل نے عدالت کو بتایا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ حکومت کے جاری کردہ ٹینڈرز کو روک دیا ہے جو کہ غیر آئینی اقدام ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ٹینڈر روکنے کی وجہ سے ترقیاتی کام تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں۔ جاری کردہ ترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز کو روکنا قانون کے منافی ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت ترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز بحال کرنے کا حکم دے۔ لاہور ہائیکورٹ نے لوکل گورنمنٹ اور چیف ایگزیکٹو سے آئندہ سماعت پر عمل در آمد رپورٹ طلب کر لی۔