وفاقی اُردو یونیورسٹی میں ہفتہ طلبا کا آغاز، شیخ الجامعہ نے فیتہ کاٹا

17 اپریل 2018

اسلام آباد( سٹی رپورٹر ) وفا قی اُردو یونیورسٹی برائے فنون سائنس و ٹیکنالوجی، اسلام آباد کیمپس کے ہفتہ ء طلبا کا سوموار کو باقاعدہ آغاز ہوا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید الطاف حسین نے انچارج اسلام آباد کیمپس پروفیسر ڈاکٹر اورنگ زیب اور دیگر انتظامی و تعلیمی افسران کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر تقریبات کا آغاز کیا ۔ جامعہ کے مولوی عبد الحق آڈیٹوریم میں ایک تعارفی تقریب منعقد ہوئی جس میں تمام فیکلٹی ممبران اور طلباء طالبات شریک ہوئے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر فہمیدہ تبسم شعبہ اُردو نے سر انجام دیے۔ پروفیسر عطیہ انور زون ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز نے نو تشکیل شدہ سو سائیٹیز کا تعارف پیش کیا اور تحصیلات کے حوالے سے گفتگو کی ۔ ہفتہ طلبا کے پہلے دن حسن قرآت ، نعت خوانی اور بیت بازی کے مقابلے ہوئے جو بالترتیب شعبہ اسلامیات اور شعبہ اُردو کی نگرانی میں منعقد ہوئے ۔ شعبہ اُردو کے مقابلہ جات کی انچارج ڈاکٹر ناہید قمر اور ڈاکٹر سید عون ساجد نقوی تھے جبکہ شعبہ اسلامیات کے انچارج ڈاکٹر حافظ عبد الرشید تھے۔ انچارج کیمپس نے تعلیم و تربیت کی روایت کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کی ضرورت و اہمیت پر زور دیتے ہوئے یونیورسٹی میں علم دوست ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کا عہد کیا ۔ تقریب کے آخر میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سید الطاف حسین نے اپنے خطاب میں جامعہ اُردو کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے انعقاد پر تمام سو سائیٹیوں کو مبارکباد پیش کی۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے کیمپس کی تعمیر کے لئے اپنی جہدوجہد سے طلباوطالبات کو مطلع کیا اور کہا کہ جلد ہی جامعہ اپنی عمارت میں منتقل ہو جائے گی۔ طلبا طالبات نے جوش و خروش سے تمام مقابلوں میں حصہ لیا۔