گوجرانوالہ، فیروزوالہ، سرگودھا،سجاول: 4خواتین شوہروں کے ہاتھوں قتل
گوجرانوالہ ، فیروزوالہ، سرگودھا، سجاول (نمائندہ خصوصی + نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) گوجرانوالہ میں گھریلو ناچاقی پر ہتھوڑے کے سر میں وار کر کے بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا ۔ ہاشمی کالونی کے طارق اور اسکی بیوی رضیہ بی بی کے درمیان ناچاقی چلی آرہی تھی۔ اسی رنجش پر گزشتہ روز جھگڑے کے دوران طیش میں طارق نے رضیہ بی بی کے سر میں ہتھوڑے کے وار کر کے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا اور موقع سے فرار ہو گیا ۔ فیروزوالہ میں شوہر نے گھریلو جھگڑے پر بیوی کے گلے میں پھندا ڈال کر اسے پھانسی دیکر قتل کر دیا اور فرار ہو گیا۔ قلعہ ستار شاہ کی نواحی آبادی مدینہ کالونی کے عمران کی بیوی روٹھ کر میکے چلی گئی تھی جسے منانے کیلئے اس کا عمران سسرال آیا تو کلثوم بی بی نے ساتھ جانے سے انکار کر دیا جس پر عمران نے مشتعل ہو کر کلثوم کے گلے میں کپڑے کا پھندا ڈال کر قتل کر دیا اور مقتولہ کی نعش کمرے کی چھت کے ساتھ لٹکا دی اور خودکشی کا ڈرامہ رچا دیا۔ دریں اثنا سندھ کے ضلع سجاول میں شوہر نے 50سالہ بیوی کو مبینہ طور پر رات کا کھانا وقت پر نہ بنانے پر کلہاڑی کے وار سے قتل کر دیا۔ سرگودھا میں تھانہ بھلوال کی حدود میں چک 10 قدرت آباد میں عمر ضیاء کی بہن صالح بی بی کی شادی چک 39 جنوبی کے زاہد سے ہوئی جن کے ہاں تین بچے تھے گھر میں جھگڑا پر زاہد نے اہل خانہ سے مل کر بیوی کو آگ لگا دی جو بری طرح جھلس گئی، خاتون کو طبی امداد کے لئے ہسپتال لیجایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔