ملک میں قیام امن کیلئے حضرت امام حسین کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا

17 اپریل 2018

اسلام آباد ( نیوزڈیسک) عشق ر سولؐ اور عشق اہل بیت ہی نجات کا ذریعہ ہے ۔ ملک میں قیام امن کیلئے حضرت امام حسین کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا ۔ جب تک دم میں دم ہے اہل بیت کا ذکر کرتے رہیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار گدی نشین دربار عالیہ شاہ چن چراغ بادشاہ پیر سید عنایت علی شاہ کاظمی ، سید ذین علی شاہ کاظمی ، سید حسنین علی شاہ ایڈووکیٹ ، سید ذوالقرنین علی شاہ کاظمی اور سید وصی علی حیدر کاظمی نے ٹھلہ سیداں میں منعقدہ مجلس و ذکر امام حسین ؑکانفرنس سے خطاب میں کیا ۔ پیر سید عنایت علی شاہ کاظمی نے کہا کہ امت مسلمہ کو ابلیسی قوتوں سے چھٹکارے کیلئے متحد ہونا ہوگا انہوں نے کہا کہ اسلام تلوار سے نہیں بلکہ آقائے دوجہاں ؐ کے اخلاق اور اہل بیت کی بے مثال قربانیوں کی وجہ سے پھیلا ہر دور میں ایسی قوتیں برسر پیکار رہیں تا کہ ذکر اہل بیت کو روکا جا سکے مگر ہر دفعہ انہیں ناکامی و رسوائی ہوئی کوئی لمحہ ایسا نہیں جس میں ذکر مصطفٰے ؐ نہ ہو ۔پیر سید عنایت علی شاہ کاظمی ، سید حسنین علی شاہ کاظمی اور سید ذوالقرنین علی شاہ کاظمی نے کہا کہ اہل بیت نے ہمیشہ پیار محبت اور اخوت کا درس دیا سادات کے گھرانے کی سخاوت اور شفقت مشہور ہے آخر میں پیر سید عنایت علی شاہ کاظمی نے ملکی سلامتی ترقی و خوشحالی و قیام امن کیلئے خصوصی دعا کرائی ۔