جج کے گھر فائرنگ کرنیوالے ملزموں کیخلاف سخت کارروائی کرینگے: پرویز ملک ‘ عمران نذیر

17 اپریل 2018

لاہور(خصوصی نامہ نگار )پاکستان مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری و پرائمری ہیلتھ کیئر کے وزیرخواجہ عمران نذیر نے جسٹس اعجاز الحسن کے گھر پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کیس میں جو بھی ملوث پائے اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے،ن لیگ کے راستے میں جو بھی پتھر پھینکنے کی کوشش کرے گا وہ عوام کے سمندر میں بہہ جائے گا،ن لیگ نے اپنے دور میں عوام کی دن رات خدمت کی ہے، اور ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کردیا ہے، توانائی منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرکے پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں نئی مثال قائم کی ہے اور ان منصوبوں میں اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے گئے ہیں۔ مسلم لیگ( ن) کی حکومت نے ریکارڈ مدت میں توانائی منصوبے مکمل کر کے ملک سے اندھیرے دور کئے ہیں۔دن رات جھوٹ بولنے والوں نے توانائی منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کر کے عوام کی مشکلات بڑھائیں لیکن اپنے صوبے میں ایک میگاواٹ بجلی پیدا نہیں کی، آئندہ عام انتخابات میں عوام ترقی کے مخالفین کا محاسبہ کریں گے، 2018 کے الیکشن میں جھوٹ، منافقت اور الزام تراشی کی سیاست کا دھڑن تختہ ہوگا۔