اوکا ڑہ: سابق لیگی ایم این اے کیخلاف 80 لاکھ روپے کا چیک ڈس آنر پر مقدمہ

17 اپریل 2018

اوکاڑہ (نامہ نگار) این اے 144 اوکاڑہ سے جعلی ڈگری پر نااہل ہونے والے مسلم لیگی سابقہ ایم این اے محمد عارف چودھری پر 80لاکھ ر وپے کا چیک ڈس آنر ہونے پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ 2015ء میں جعلی ڈگری کیس میں نااہل ہونے والے سابقہ ایم این اے محمد عارف چودھری نے میاں مظفر حسین قادری سے زمین خریدی، رقم کی ادائیگی بذریعہ چیک مالیت 80لاکھ بینک الفلاح ساہیوال روڈ اوکاڑہ دیا جو کہ مقررہ تاریخ پر بینک سے کیش نہ ہو سکا۔ مدعی میاں مظفر حسین قادری نے جعلی چیک دینے اور فراڈ کرنے پر محمد عارف چودھری کے خلاف تھانہ میں درخواست دے دی جس پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے جرم 489ایف ت پ کے تحت تھانہ عبدالحکیم تحصیل کبیر والا ضلع خانیوال پولیس نے مقدمہ نمبر 73/18 درج کر لیا۔ یاد رہے محمد عارف چودھری 2013ء کے عام انتخابات میں اوکاڑہ شہر سے قومی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہوئے تھے اور 2015ء میں جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار پا گئے تھے۔ نااہلی کے بعد اب جعلی چیک دینے ان کے خلاف مقدمہ کا اندراج انکے سیاسی وابستگان کیلئے پریشان کن ہے۔