عدم ادائیگی، پاکستان سٹیٹ آئل نے پی آئی اے کو تیل کی فراہمی بندکردی، مذاکرات کے بعد بحال

17 اپریل 2018

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) واجبات کی عدم فراہمی پر پی ایس او نے قومی ائر لائن کو تیل کی فراہمی بند کردی، تیل کی عدم فراہمی کے باعث کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز روانہ نہیں ہوسکی۔ پرواز پی کے 366 کو گزشتہ شام 5 بجے کراچی سے اسلام آباد روانہ ہونا تھا۔ پی ایس او کے پی آئی اے پر 15 ارب 20 کروڑ روپے کے واجبات ہیں۔ ذرائع کے مطابق تیل کی فراہمی شروع نہ ہوئی تو مزید پروازوں کی روانگی متاثر ہوگی۔ ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ تیل کی فراہمی کیلئے پی ایس او حکام سے بات چیت جاری ہے۔ پروازوں کے متاثر ہونے پر مسافروں سے معذرت خواہ ہیں۔ ذرائع پی ایس او نے کہا ہے کہ پی آئی اے نے 7 روز سے روزانہ کی بنیاد پر ادائیگیاں بھی نہیںکیں۔ پی آئی اے کی ادائیگیوں میں تاخیر کی وجہ سے فیول نہیں دیا جاسکتا۔ علاوہ ازیں پی آئی اے اور پی ایس او کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی ایس او کی طرف سے پی آئی اے کے طیاروں کو تیل کی سپلائی شروع ہوگئی ہے۔