آزا دکشمیر کا 9 رکنی پارلیمانی وفد مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کیلئے لندن پہنچ گیا

17 اپریل 2018

اسلام آباد(صباح نیوز) آزادکشمیر کا9رکنی پارلیمانی وفد ڈپٹی سپیکر آزادکشمیر اسمبلی سردار فاروق احمد طاہر کی قیادت میں ایک ہفتہ کے دورے پر برطانیہ پہنچ گیا۔ وفد میں وزیر حکومت نورین عارف، چوہدری مسعود خالد، سید شوکت علی شاہ، چوہدری محمد سعید، حافظ احمد رضا قادری، ممبر اسمبلی چوہدری رخسار احمد، عبدالماجد خان اور سیکرٹری اسمبلی شوہدری بشارت حسین شامل ہیں۔ لندن روانگی سے قبل کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وفد کے سربراہ ڈپٹی سپیکر اسمبلی سردار فاروق احمد طاہر نے کہا کہ موجودہ حکومت بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کر رہی ہے۔ پوری دنیا میں پارلیمانی وفود بھیج کر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کریں گے۔ لندن پہنچنے پر وفد کا بھرپور استقبال کیا گیا۔ پارلیمانی وفد دورہ لندن کے دوران 18اپریل کو مودی سرکار کے خلاف عالمی مظاہرے میں شرکت کرے گا۔ وفد برطانوی پارلیمنٹ کے ممبران سمیت اعلیٰ شخصیات سے بھی ملاقات کرے گا اور انہیں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی رائے عامہ کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ہموار کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا بھارت بلوچستان سمیت پاکستان کے ہر حصے کو بد امنی کا شکار کر رہا ہے سیز فائر لائن سمیت مقبوضہ کشمیر کے حالات بھی تشویشناک ہیں شوپیاں میں نوجوانوں کی شہادت اور سنگین مظالم کو بے نقاب کیا جائے گا۔ پارلیمانی وفد نے برطانوی حکومت سے مسئلہ کشمیر حل کروانے کے لئے کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔