زرداری سے وزیر اعلیٰ قدوس بزنجو کی ملاقات‘ سیاسی ،امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

17 اپریل 2018

اسلام آباد ( اے پی پی) سابق صدر آصف زرداری سے وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے زرداری ہائوس اسلام آباد میں پیر کو ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سیاسی اور امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں زرداری سے خیبر پی کے کی ممتاز سیاسی شخصیات نے زرداری ہائوس اسلام آباد میں پیر کو ملاقات کر کے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں سابق وفاقی وزیر خزانہ نوابزادہ محسن علی خان ‘ پی ٹی آئی حیات آباد کے صدر ڈاکٹر الیاس خٹک اور اے این پی کے رہنما افراسیاب خٹک کے بھتیجے مطیع اللہ خٹک شامل ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خیر مقدم کیا۔ دریں اثناء سابق صدرآصف زرداری سے اٹک سے تعلق رکھنے والی معروف سیاسی شخصیت اور گکھڑ برادری کے سردار عرفان جعفر خان گکھڑ اور شیراز حسین شیرازی نے زرداری ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کرکے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کے صدر سردار سلیم حیدر خان، ملک محمد اعجاز، سردار اسلم خان، ملک محمد ساجد اور ملک ساجد الرحمن، فوزیہ حبیب اور عامر فدا پراچہ بھی موجود تھے۔ سابق صدر نے سردار عرفان جعفر گکھڑ اور دیگر کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔ پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے سردار عرفان جعفر خان نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی عوام کی اصل پارٹی ہے جو ہر شعبہ زندگی اور طبقے کی بے لوث خدمت کرتی ہے۔ ان رہنمائوں نے پارٹی کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔