انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے ترکی میں ایف آئی اے کے دفتر کا قیام
راولپنڈی(آن لائن) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کے خاتمے کی کوششوں کے لیے اپنے دو سینئر حکام کو ترکی بھیج دیا ہے۔دونوں سینئر حکام کو ترکی میں ادارے کا دفتر کھولنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے کے حکام محمد رضوان اور جاوید جسکانی کو بھیجنے کا فیصلہ، ترک وزیر داخلہ کے اسلام آباد کے دورے کے بعد سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے اپنے ہم منصب سے پاکستانی مہاجرین کی غیر قانونی نقل و حمل پر بات چیت کی تھی۔ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایف آئی اے دفتر کھولنے کی پیشکش کے لیے ٹیم جلد ترکی کا دورہ کرے گی۔ پاکستان سمیت دیگر ممالک کے غیر قانونی مہاجرین یورپی ممالک میں جانے کے لیے ترکی کا راستہ اختیار کرتے ہیں۔ پاکستان کو امریکی حکام کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ اگر انہوں نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات نہ کیے تو پاکستان کے لیے امریکہ کی شہری امداد کو روک دیا جائے گا۔ ترکی میں ایف آئی اے کے دفتر کے قیام کے بعد اسی طرح کے دفاتر ایران اور یونان میں بھی کھولے جائیں گے۔منصوبے کے تحت ڈپٹی ڈائریکٹر کے برابر کے عہدے کے ایف آئی حکام کو ترکی، ایران اور یونان میں سٹاف کے ہمراہ تعینات کیا جائے گا تاہم کچھ رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ دفتر خارجہ ایف آئی اے کے لیے اتنا مددگار نہیں جتنا ہوسکتا ہے۔ایف آئی اے کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا تھا کہ ادارے کا ایسا ہی ایک دفتر، جو پاکستانی مہاجرین کی غیر قانونی نقل و حمل پر نظر رکھتا ہے، دوحہ میں گزشتہ کچھ عرصے سے قائم ہے۔