انتظامی بنیاد پر صوبے سے اندرونی تنازعات بڑھیں گے: وفاق متاثر ہو گا: رضا ربانی

17 اپریل 2018

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق چیرمین سینٹ سینیٹر میاں رضا ربانی نے واضح کیا ہے انتظامی بنیاد پر صوبے بنانے سے اندرونی تنازعات کو مزید بڑھنے کا موقع ملے گا اس سے یقیناً وفاق بھی متاثر ہوگا۔ پارلیمان خصوصاً ایوانِ بالا کو گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کا اہتمام کرنا چاہئے معاملے کو قومی ڈائیلاگ کے ذریعے اجاگر کیا جائے یہ مسئلہ محض آئین کے آرٹیکل ایک میں ترمیم کرنے سے حل نہیں ہوگا۔ اس کے تناظر میں مزید آئینی ترامیم کی جائیں گی اور اس کے وفاق اور صوبوں پر دور رس اثرات مرتب ہونگے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا صوبے انتظامی سہولت کی بنیاد پر نہیں بنائے جاسکتے، صوبوں کا قیام ایک تاریخی عمل ہے ۔ تاریخ کی نفی کرنے سے اندرونی تنازعات کو مذید بڑھنے کا موقع ملے گا اورصوبوں میں تناؤ پیدا ہوگا۔ لسانی، علاقائی اور قدرتی وسائل پر سوالات اٹھیں گے۔