فٹ بال فیڈریشن میں سب پیسوں کا چکر‘ ہمیں پاکستان کی عزت دیکھنا ہے: سپریم کورٹ

17 اپریل 2018

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) فٹ بال فیڈریشن الیکشن کیس میںسپریم کورٹ نے فٹ بال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات کو آج منگل کو طلب کرلیا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے ہیں کہ فیڈریشن الیکشن سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار خواجہ دائود کروائیں گے۔ ہمیں پاکستان کی عزت کو دیکھنا ہے۔ اربوں روپے فیڈریشن کے پاس ہے سب چکر پیسوں کا ہے ، ہوسکتا ہے۔ منگل کو مخدوم فیصل حیات کو فٹ بال فیڈریشن کی صدارت سے معطل کردیں۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فٹ بال فیڈریشن الیکشن کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہمیں فیڈریشن کے ووٹرز کی فہرست دیں،فہرستیں اسلئے مانگ رہے تاکہ کل کواعتراض نہ ہو۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ووٹرزفہرستیں دونوں جانب کے فریقین دستخط کرکے دیں۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ فیڈریشن کے الیکشن کدھر ہوں گے۔ فٹ بال فیڈریشن کے وکیل نے بتایا کہ فیڈریشن کے الیکشن اسلام آباد میں ہوں گے، چیف جسٹس نے کہا کہ فیڈریشن الیکشن سپریم کورٹ ایڈیشنل رجسٹرار خواجہ دائود کروائیں گے،الیکشن کب کرواناہے تاریخ دے دیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں اس معاملے میں مداخلت کرنی ہے،ہم نے کام کرنا ہے تاریخیں نہیں ڈالنی ، چیف جسٹس نے کہا کہ یہاں ہمیں پاکستان کی عزت کو دیکھنا ہے ، اربوں روپے فیڈریشن کے پاس ہیں سب چکر پیسوں کا ہے ، کل ہوسکتا ہے مخدوم فیصل حیات کو فٹبال فیڈریشن کی صدارت سے معطل کردیں ،آپسی لڑائی کے باعث پاکستان فٹبال فیڈریشن کی انٹرنیشنل فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل ہوتے ہوتے رہی۔سماعت کے دوران چیف جسٹس نے جسٹس اعجازالاحسن کے گھر پر حملے سے متعلق ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہاں سپریم کورٹ بار کے صدر بھی موجود ہیں،بار نے جس یکجہتی کااظہار کیااس پر شکر گزار ہیں۔ مجھے اپنی بار پر فخر ہے،میرے کہنے پر بار نے ہڑتال واپس لی۔