آئندہ الیکشن قوم کیلئے تبدیلی کا پیغام ثابت ہوں گے: سراج الحق
لاہور/ کراچی (خصوصی نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مغرب نے حقوق اور آزادی کے نام پر عورت کو بازار کی زینت بنا دیا ہے جبکہ اسلام نے عورت کو حقیقی معنوں میں عزت و احترام دیا ہے۔ مغرب ہماری اسلامی اقدار اور تہذیب و تمدن پر حملہ آور ہے۔ سنت رسولؐ کی پیروی اور خاندانی نظام کی مضبوطی اور حفاظت ہی میں ہماری بقا اور فلاح ہے۔ اسلامی ریاست کے قیام اور اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے جدوجہد تقاضہ ایمان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی شادی ہال میں جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے نائب امیر سید عزیر حامد کے صاحبزادوں سید اُسامہ عزیر اور سید حمزہ عزیر کی دعوت ولیمہ کے موقع پر خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ ولیمہ کی اس تقریب میں جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امراء پروفیسر محمد ابراہیم خان، میاں محمد اسلم، سابق نائب امیر ڈاکٹر محمد کمال سمیت دیگر رہنمائوں، دوست احباب اور خاندان کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سراج الحق نے کہا کہ مجھے آج اس منفرد تقریب میں شرکت کرکے خوشی کے ساتھ ساتھ فخر بھی محسوس ہو رہا ہے۔ ہمارے ساتھیوں نے خالص دین کی بنیاد پر آپس میں رشتے کئے ہیں۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے آئندہ الیکشن قوم کے لئے تبدیلی کا پیغام ثابت ہوں گے۔ عوام مسائل کے حل کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ اتحاد امت سے ہی باطل قوتوں کو شکست دی جاسکتی ہے، قندوز کے حملے کے جواب میں زیادہ سے زیادہ قرآن کی محفلیں سجائی جائیں اور اپنے بچوں کو حفاظ بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب جماعت اسلامی ملیر زون کے تحت آرسی ڈی گرائونڈ میں سات روزہ محفل قرآن و سنت کے آخری روزہ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ شام کے اند رامریکا اور روس پنجہ آزمائی کر رہے ہیں اور مسلمان تباہی سے دو چار ہیں۔ ہر طرف مسلمانوں کا قتل عام ہورہا ہے۔ امت کی تقسیم در تقسیم کا ایجنڈا دین اسلام کو کمزور کرنے کا عالمی ایجنڈا ہے،دشمن کے مذموم ایجنڈے کو ناکام بنانے کے لئے مسلمانوں کو آپس میں نہیں مشترکہ دشمن سے لڑناہوگا۔