احتساب صرف مسلم لیگ (ن) کا ہورہا ہے‘ ہر ادارہ دائرہ میں رہے تو ملک ترقی کریگا: ایاز صادق
لاہور (خصوصی رپورٹر) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ احتساب صرف (ن) لیگ کا ہورہا ہے نوازشریف ہی’’ نظریہ‘‘ ہے (ن) لیگ اسی پر ہی انتخابات میں حصہ لے گی‘ادارے پر کوئی تنقید کرتا ہے اور نہ کرے گا لیکن فیصلے پر تنقید کرنا حق ہے ،وہ فیصلے جن سے اتفاق نہیں ان پر اعتراض اور تنقید بھی ہو گی ‘جو لوگ جماعتیں اور قبلے بدلتے ہیں ان کا تاریخ میں کہیں ذکر نہیں ہوتا‘جتنے لوٹے تحریک انصاف میں جانا چاہیں چلے جائیں لیکن پھر بھی وہ کامیاب نہیں ہوسکیں گے ‘ جنہوں نے غلط فیصلے کیے ان کا انجام کیا ہوتا ہے وہ تاریخ میں لکھا ہے ،جو ادارہ حدود سے باہر جائے گا وہ اپنا اور اپنے ادارے کا نقصان کرتا ہے، ہر ادارہ اپنے دائرہ کار میں رہے تو اس سے پاکستان ترقی کریگا۔ آدیاں چوک میں کارکنوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردا رایاز صادق نے کہا کہ میرے حلقہ انتخاب این اے 122جہاں سے میں چار بار منتخب ہوا ہوں اسے چھ حصوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے ۔ اس کا قصور وارکون ہے؟ یہ اللہ تعالیٰ یا جس نے یہ کیا ہے وہی بہتر جانتا ہے لیکن میرا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ہر چیز میں بہتری ہوتی ہے ۔