ملازمتوں پر پابندی، پنجاب حکومت نے الیکشن کمشن کا نوٹیفکیشن ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

17 اپریل 2018

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمتوں پر پابندی کے حوالے سے الیکشن کمشن کے نوٹیفکیشن کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ آئینی پٹیشن چیف سیکرٹری پنجاب زاہد سعید نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل کی وساطت سے دائر کی جس میں موقف اختیار کیا کہ آئین کے تحت عوامی خدمت اور انتظامی امور کی انجام دہی سے حکومت کو نہیں روکا جا سکتا۔ ملازمتوں پر پابندی سے حکومتی اداروں میں انتظامی امور متاثر ہو رہے ہیں۔ بہتر انتظامی امور کی انجام دہی کے لئے عملے کا ہونا لازم ہے، عملے کی کمی کے باعث مختلف اداروں میں حکومتی اور سرکاری امور بروقت سرانجام نہیں دئیے جا رہے جس سے سائلین کو مشکلات کا سامنا ہے، چیف سیکرٹری کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ملازمتوں پر پابندی کے حوالے سے الیکشن کمشن کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے۔