ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کی مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا

17 اپریل 2018

لاہور (نیشن رپورٹ) لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کی 29اپریل کو مینار پاکستان پر جلسہ کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے اور پی ٹی آئی کو رائے دی ہے کہ وہ 29اپریل کو مینار پاکستان کی بجائے ناصر باغ میں جلسہ کا انعقاد کریں۔ دوسری جانب تحریک انصاف ہر حال میں مینار پاکستان پر جلسہ منعقد کرنے پر بضد ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی پریس ریلز کے مطابق مینار پاکستان پارک میں نیشنل ہسٹری میوزیم کا افتتاح اسی ماہ میں ہونا ہے جبکہ لاء اینڈ آرڈر کی کابینہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ گریٹر اقبال پارک میں سکیورٹی وجوہات کے باعث کسی بھی عوامی اجتماع کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ تحریک انصاف کے ایم پی اے شعیب صدیقی نے نیشن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں ابھی تک انتظامیہ کی طرف سے کسی قسم کی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔