پسند کی شادی پر بہنوئی فائرنگ سے قتل‘ بہن کوساس سمیت زخمی کردیا

17 اپریل 2018

لاہو ر (نامہ نگار)نواں کوٹ کے علاقہ میں محبت کرنے کی رنجش پر سالے نے اندھا دھند فائرنگ کر کے بہنوئی کو قتل جبکہ بہن اور اس کی ساس کو شدید زخمی کر دیا ، ملزم فرار ۔تفصیلات کے مطابق نواں کوٹ کے علاقے گنج بخش پارک کا رہائشی عادل اور اس کی کزن فریحہ ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے، مگر فریحہ کا بھائی رؤف ان کی شادی کے خلاف تھا ۔8ماہ قبل خاندان کے بزرگوں نے دونوں کی شادی کرا دی۔ اس بات کی رنجش رؤف نے اپنے دل میں رکھی۔گزشتہ روز رؤف مسلح ہو کر اپنے بہنوئی عادل کے گھر داخل ہوا اور کمرے میں موجود عادل، اس کی ماں صفیہ بی بی اوربیوی فریحہ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی‘ زد میں آکر عادل، اس کی ماں صفیہ بی بی اوربیوی فریحہ شدید زخمی ہوگئی جبکہ ملزم رؤف ہوائی فائرنگ کرتا موقع سے فرار ہوگیا۔اہل محلہ تینوں زخمیوں کوطبی امداد کے لیے ہسپتال لے گئے ۔ جہاں رؤف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ اس کی بیوی فریحہ اورماں صفیہ کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے رؤف کی نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے جمع کرا دی ہے اور مقتول کے والد اکرم کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے ۔پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔