فواد عالم اچھا کھلاڑی لیکن امام الحق کو کوچز اور سلیکٹرز نے منتخب کیا، انضمام الحق
لاہور (سپورٹس ڈیسک )قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ فواد عالم اچھا کھلاڑی ہے لیکن گزشتہ 3 سال سے دیگر کھلاڑی ٹاپ پرفارمر ہیں۔کرک انفو کو انٹرویو دیتے ہوئے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ میرا کسی کھلاڑی کے ساتھ کوئی ذاتی اختلاف نہیں ہے اور دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کی سلیکشن میرٹ پر ہوئی ہے۔قومی ٹیم میں امام الحق کی شمولیت اور فواد عالم کو ایک بار پھر نظر انداز کرنے پر انضمام الحق کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔اپنے بھتیجے امام الحق کی قومی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے انضمام الحق نے بتایا کہ امام الحق کا نام میرے چیف سلیکٹر بننے سے قبل بھی لیا جا رہا تھا اور ٹیم کے کوچز اور سلیکٹرز نے امام الحق کے حق میں ووٹ دیا۔انضمام الحق نے بتایا کہ فواد عالم اچھا کھلاڑی ہے مگر گزشتہ 3 سال سے دیگر کھلاڑی ٹاپ پرفارمر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فواد عالم کو ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتر اوسط پر ہی قومی ٹیم کے کیمپ میں طلب کیا گیا تھا۔