سپریم کورٹ کے جج پر حملہ حکومت اور سکیورٹی اداروں کی نااہلی ہے: محبوب سندیلہ

17 اپریل 2018

ملتان (سپیشل رپورٹر) سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الحسن کے گھر پر فائرنگ کی راہ میں رکاوٹ ایک سازش ہے جسے کسی طورپر وکلا کامیاب نہیں ہونے دیں گے جس معاشرے میں جج محفوظ نہ ہوں وہ معاشرہ تباہی کی طرف تیزی سے گامزن ہو جاتا ہے۔ سپریم کورٹ کے جج پر حملہ حکومت اور سکیورٹی اداروں کی نااہلی ہے جلد از جلد انکوائری مکمل کرکے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے صدر ملک محبوب علی سندیلہ اور جنرل سیکرٹری ملک جاوید اقبال اوجلہ نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے زیراہتمام جسٹس اعجازالحسن کے گھر پر فائرنگ کے خلاف احتجاجی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے اختتام پر واقعہ کی شدید مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی اجلاس سے مشتاق حیدر ٹیپو‘ صائمہ ایوب‘ تصور منظور‘ نوید ہاشمی اور دیگر وکلاء نے بھی خطاب میں غصہ کا اظہار کیا۔