پروفیسر ایک اور امتحان کے لئے انگلینڈ روانہ،بائولنگ ٹیسٹ آج ہو گا

17 اپریل 2018

لاہور(آئی این پی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل رائونڈر محمد حفیظ بولنگ ایکشن کے ٹیسٹ کیلئے انگلینڈ روانہ ہوگئے۔لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ نجی ایئرلائن محمد حفیظ انگلینڈ روانہ ہوگئے جہاں وہ(آج)منگل کو اپنے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ دیں گے۔ یاد رہے کہ محمد حفیظ پر غیرقانونی ایکشن کی وجہ سے بولنگ پر پابندی ہے اور گزشتہ سال ان کے ایکشن پر اعتراض اٹھاتے ہوئے آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل امپائروں نے ان کا بولنگ ایکشن غیرقانونی قرار دیا تھا۔تاہم محمد حفیظ بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ پاس کرنے کے لیے پرامید ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ ایکشن کلیئر کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ محمد حفیظ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 50 ٹیسٹ میچز میں 52، 200 ایک روزہ میچز میں 136 اور 81 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 49 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔واضح رہے کہ محمد حفیظ اس سے پہلے نومبر2014اور جون 2015 میں یہ ٹیسٹ پاس کر چکے ہیں۔محمد حفیظ گزشتہ برس 18 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف رپورٹ ہوئے تھے۔ بائولنگ ایکشن ٹیسٹ کا نتیجہ 14 روز میں آئے گا۔ قومی کرکٹر پرامید ہیں کہ بلے باز سے آل رائونڈر بنتے ہی ان کے لئے ٹیم کے دروازے کھل جائیں گے۔