فواد عالم کی ٹیسٹ سکواڈ میں عدم شمولیت سمجھ سے بالاتر ہے: وسیم اکرم

17 اپریل 2018

لاہور (سپورٹس ڈیسک )قومی ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم باؤلروسیم اکرم کا کہنا ہے کہ دورہ آئر لینڈ اورانگلینڈ میں پاکستان ٹیم کے لیے کنڈیشنز آسان نہیں ہوں گی، فواد عالم جیسے کرکٹر کو ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کرنے کے باوجود ڈراپ کرنا سمجھ سے باہر ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر اب نوجوان کرکٹرز کو موقع دے کر مستقبل کی طرف دیکھ رہے ہیں لیکن ڈومیسٹک کرکٹ کس لیے ہوتی ہے؟ اگر اس میں رنز کرنے والے کو موقع نہیں ملے گا تو کس کو ملے گا؟وسیم اکرم نے کہا کہ فواد عالم کو موقع نہ دینا سمجھ سے باہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کے نہ ہونے سے ٹیم کو اس دورے میں نقصان ہو گا، دو اسپنرز اور تین اوپنرز ٹیم میں ہونے چاہیے تھے۔انہوں نے اسکواڈ میں وہاب ریاض کی عدم شمولیت کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاب ریاض کی کارکردگی میں تسلسل کی کمی دکھائی دیتی ہے اور امید ہے کہ اس سے سبق سیکھتے ہوئے اپنی کارکردگی میں تسلسل لانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے ٹیم میں اسکواڈ میں 10 بلے بازوں کی موجودگی پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ بیٹنگ مضبوط ہو تو زیادہ بلیبازوں سے فرق نہیں پڑتا، انگلینڈ کے ساتھ ساتھ آئرلینڈ کا دورہ بھی آسان نہیں ہو گا۔ ان دوروں میں قومی ٹیم کو مصباح الحق اور یونس خان کی کمی محسوس ہوگی لیکن امید ہے کہ نوجوان اس موقع سے فائدہ اٹھا کر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔عظیم فاسٹ باؤلر نے کہا کہ انگلش کی کنڈیشنز باولرز کے لیے مددگار ہوتی ہیں لیکن آئرلینڈ کی کنڈیشنز میں باؤلرز کا بال زیادہ سوئنگ ہوتا ہے لہٰذا فاسٹ باؤلرز کا کردار دونوں سیریز میں بہت اہمیت کا حامل ہو گا لیکن بلے بازوں کا کڑا امتحان ہے۔ایک سوال کے جواب میں وسیم اکرم نے کہا کہ مکی آرتھر کو نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کام کر کے مزہ آرہا ہے اور وہ لانگ ٹرم پلاننگ کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اسکواڈ میں زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ٹیم میں فخر زمان کی شمولیت خوش آئند ہے۔