پنجاب کے16اضلاع میں5لاکھ طالبات کو خدمت کارڈ جاری کر دیئے: رانا مشہود

17 اپریل 2018

لاہور( خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر محکمہ سکولز ایجوکیشن نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے16اضلاع میں’’ زیور تعلیم پروگرام‘‘ کے تحت پانچ لاکھ مستحق طالبان کو خدمت کارڈ ز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد دور دراز علاقوں کے بے وسیلہ گھرانوں کی بچیوں کی تعلیم تک رسائی آسان بنا کر ان کا معاشی مستقبل محفوظ بنانا ہے۔ یہ بات صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے جنوبی پنجاب کے اساتذہ کے ایک وفد سے گفتگو میں کہی۔ صوبائی وزیر رانا مشہود نے بتایا کہ ’’ زیور تعلیم پروگرام‘‘ کا آغاز مظفر گڑھ ‘ ڈی جی خان‘ راجن پور‘ رحیم یار خان‘ بہالپور ‘ بہاولنگر ‘ لودھراں ‘وہاڑی ‘ خانیوال ‘ بھکر ‘ چنیوٹ ‘ جھنگ ‘لیہ ‘ پاکپتن ‘ اوکاڑہ اور قصور سے کیا گیا ہے ۔ ہمارا مقصد دور دراز پسماندہ علاقوں کی لاکھوں بچیوں کو حصول علم کے قابل بنانا ہے ۔ اس خدمت کارڈ کے ذریعے طالبہ کے اکائونٹ میں ماہانہ1000روپے ٹرانسفر کیے جا رہے ہیں۔ ان اضلاع میں محکمہ سکولز ایجوکیشن کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم چھٹی تا دسویں جماعت کی طالبات اس مفید پروگرام سے مستفید ہو رہی ہیں۔غصوبائی وزیر رانا مشہود نے بتایا کہ فروغ تعلیم کی غرض سے جاری کیا جانے والا خدمت کارڈ پراجیکٹ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا انقلابی منصوبہ ہے جس کے توسط سے دور دراز علاقوں کے لاکھوں گھرانوں میں علم کا اجالا پھیلے گا۔