پی ایس پی میں شامل ہونے والے وسیم حسین کا یوٹرن، دوبارہ ایم کیو ایم جوائن کرلی، فاروق ستار کی مبارکباد

17 اپریل 2018

کراچی (سٹاف رپورٹر) سربراہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار نے حیدرآباد سے منتخب رکن قومی اسمبلی سیدوسیم حسین سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی رکن قومی اسمبلی وسیم حسین جنہوں نے کچھ دن قبل پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی انہوں نے ایک بار پھر سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان میں دوبارہ شمولیت اختیار کرلی ہے۔ جو بھی ساتھی تنظیمی اختلافات یا کسی اور وجوہات یا پریشر کے باعث ایم کیو ایم چھوڑ کر چلے گئے تھے انہیں کہتاہوں واپس آکر تنظیم کو مضبوط کریں‘ مصطفی کمال اور انیس قائم خانی ہماری ہی فیکٹری کی پروڈکٹ ہیں وہ جن جن کو لیکر جا رہے ہیں وہ ایک دن سب لوٹ کر واپس آجائیں گے۔ سیدوسیم حسین کو واپس ایم کیو ایم پاکستان میں شامل ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں‘ میں نے کسی جلسے یا انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے انیس قائم خانی سے مدد نہیں مانگی‘ سینیٹ الیکشن پر کہا کہ جو آپ کے ساتھ ایم پی ایز ہیں یاانکا ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق تھا ان کے ووٹ کے حقدار مظفر حسین شاہ نہیں بلکہ ایم کیو ایم پاکستان ہے‘ آج پھر کہتا ہوں کہ مہاجر خود فیصلہ کرے گاکہ 2018ء کے الیکشن میں ووٹ کا حقدار کون ہے؟