پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا برازیلین کوچ سے تین سال کا معاہدہ طے پایا گیا

17 اپریل 2018

لاہور(این این آئی)پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کیلئے برازیلین کوچ کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں، غیر ملکی آفیشل کو مشاہرے کی ادائیگی کیلئے بحرین معاونت کرے گا۔پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کانگریس کے سالانہ اجلاس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹبال کو عروج کی طرف گامزن کرنے کیلئے گراس روٹ لیول سے اوپر تک کام کرنا ضروری ہے۔نئے ٹیلنٹ کی تلاش کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا اور تمام اضلاع میں ٹورنامنٹ کروائے جائیں گے جس کا پہلا مرحلہ پنجاب سے شروع ہوگا۔ تین سال میں پاکستان فٹبال کو بڑا نقصان پہنچا ہے جس کی تلافی کیلئے سخت محنت اور انقلابی اقدامات کی سخت ضرورت تھی فوری طور پر چند قدم اٹھائے ہیں ان میں سب سے بڑا قدم غیر ملکی کوچ کی تعیناتی ہے ٗبرازیلین یوتھ ٹیم کیلئے کام کا تجربہ رکھنے والے جوز انتونیو ناگورا کے ساتھ 3سال کا معاہدہ کیا ہے ٗان کا مشاہرہ کافی زیادہ تھا جس کیلئے دوست ملک بحرین نے معاونت کی حامی بھر لی ٗ ویمنز فٹبالرز کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ان کیلئے بھی جاپان سے خاتون کوچ کی بات چیت چل رہی ہے جن کی خدمات بلامعاوضہ حاصل ہوں گی۔ پاکستان کی قومی ٹیم ایشین گیمز اور اے ایف سی چیمپئن شپ کی تیاری کیلئے ڈیڑھ ماہ کے تربیتی کیمپ کے بعد 4بین الاقوامی دوستانہ میچ کھیلے گی۔