لکھوی خاندان نے برصغیر میں فروغ اسلام کیلئے تاریخی خدمات سرانجام دیں: ساجد میر

17 اپریل 2018

لاہور (خصوصی نامہ نگار) لکھوی خاندان کی معروف شخصیت مولانا حفیظ الرحمن لکھوی کی امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر سے ملاقات ،ساتھیوں سمیت پروفیسر ساجد میر کی امارت قبول کرلی اور مرکزی جمعیت اہل حدیث میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ تفصیل کے مطابق مولانا حفیظ الرحمن لکھوی نے سوموار کے روز مرکزاہل حدیث راوی روڈ میں سینیٹر پروفیسر ساجد میر سے ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت جماعت میں شمولیت کا ااعلان کیا۔ پروفیسر ساجد میر نے مولانا لکھوی کی جماعت میں شمولیت کا خیر مقدم کیااور ان کو ساتھیوں سمیت خوش آمدید کہا۔ پروفیسر ساجد میر نے لکھوی خاندان کی برصغیر میں فروغ اسلام کیلئے تاریخی خدمات کا اعتراف کیا اور کہا کہ ان کی تبلیغی، دعوتی اور سیاسی خدمات کا زمانہ معترف ہے۔ انکی شمولیت سے جماعت کو تقویت ملے گی۔ مولانا حفیظ الرحمن لکھوی نے کہا کہ پروفیسر ساجد میر سب کے متفقہ امیر ہیں۔ ہم انکی امارت میں جماعت کو فعال بنائیں گے۔ وفد کے ارکا ن میں مولانا شفیق الرحمن فرخ، قاری عبدالغفور مدنی، ڈاکٹر حافظ عبدالغفار، مولانا عبدالرزاق یزدانی شامل تھے۔