سپریم کورٹ کمیٹی کا اورنج لائن منصوبے کا دورہ، تعمیراتی کام کا جائزہ

17 اپریل 2018

لاہور (خصوصی نامہ نگار)سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ کے لئے بنائی گئی سپیشل کمیٹی آف ایکسپرٹس کے چیئرمین جسٹس (ر)سید زاہد حسین نے گزشتہ روزجی پی او چوک اور سپریم کورٹ رجسٹری کے علاقے کا دورہ کیاجہاں تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر حماد الحسن نے انہیں منصوبے پر جاری کام پر پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جی پی او سے سپریم کورٹ کی عمارت تک سیوریج لائن بچھانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور بارشی پانی کے نکاس کے لئے ڈرین کی تعمیر کاکام جاری ہے ۔انہوں نے یقین دلایا کہ دونوں اطراف سے سڑک کی تعمیر 25اپریل تک مکمل کر لی جائے گی او ر سپریم کورٹ رجسٹری سے نابھہ روڈ تک کام 30اپریل تک مکمل کر لیاجائے گا ۔ انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ جی پی او چوک سے نیشنل بینک تک مال روڈ کی بائیں جانب لین کی بحالی اور یوٹیلٹی سروسز کا کام بھی 30اپریل تک مکمل کر لیاجائے گا۔