بجٹ میں کاروباری برادری کی قابل عمل تجاویز کو شامل کیا جائے: ملک طاہر جاوید
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک طاہر جاوید نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وفاقی بجٹ کو اس طرح ترتیب دے کہ یہ صنعت، تجارت اور معیشت کے مسائل حل کرنے میں مددگار ثابت ہو نہ کہ مسائل میں مزید اصافہ کرے۔ ایک بیا ن میں لاہور چیمبر کے صدرنے کہا کہ وفاقی بجٹ کسی بھی ملک کی ایک انتہائی اہم دستاویز کیونکہ اس کی بنیاد پر آئندہ سال کے لیے معاشی سمت متعین کی جاتی ہے، ضروری ہے کہ وفاقی بجٹ میں کاروباری برادری کی تمام قابل عمل تجاویز کو شامل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداوار بڑھاکر طلب و رسد کے درمیان فرق ختم کیا جائے۔ ملک طاہر جاوید نے کالاباغ ڈیم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسے چند عناصر کی خواہشات کی نذر نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ملین ایکڑ فٹ پانی سے دو ارب ڈالر کا معاشی فائدہ ہوتا ہے جبکہ پاکستان میں ہر سال پینتیس ملین ایکڑ فٹ پانی سمندر میں گر کر ضائع ہو جاتا ہے، یہ قیمتی پانی کالاباغ ڈیم میں باآسانی ذخیرہ کیا جاسکتا ہے۔