افغانستان: بمباری‘ ڈرون حملہ‘ 6 طالبان کمانڈروں‘ پولیس اہلکاروں سمیت 37 ہلاک‘ 7 زخمی

17 اپریل 2018

کابل(آئی این پی) افغان اور امریکی فورسز کی مشترکہ فضائی کارروائی میں اہم کمانڈروں سمیت 37طالبان جنگجو ہلاک اور7زخمی ہوگئے جبکہ مشرقی صوبہ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کا دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔پیر کو افغان میڈیا کے مطابق مغربی صوبہ فراہ میں افغان امریکی فورسز کی مشترکہ فضائی کاروائی میں 37شدت پسند ہلاک اور 7زخمی ہوگئے ۔مغرب میں افغان ملٹری کی 207ویں ظفرکور کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا درجنوں طالبان عسکریت پسندوں نے رات کے 2بجے سیکورٹی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا جو صبح 6بجے تک جاری رہا۔ہلاک ہونے والوں میں طالبان کے اہم کمانڈر ملا ابراہیم،حافظ نیازمحمد،حاجی بشیر،صالح محمد شامل ہیں۔جھڑپوں کے دوران ایک افغان پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا جبکہ 2دیگر زخمی بھی ہوئے ۔ظفر کور کے مطابق ضلع بالا بلوک میں ایک اور آپریشن کے دوران طالبان کے 2اہم کمانڈر ملا عبدالیقوم اور حسیم الدین ہلاک ہوگئے ۔ادھر مشرقی صوبہ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کا دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔افغان ملٹری کی 201صلیب کور کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبہ ننگرہار کے ضلع نازیان میں امریکی ڈرون طیارے نے داعش کے ٹھکا نے کونشانہ بنایاگیا جس کے نتیجے میں ایک عسکریت پسند مارا گیا۔حملے میں دہشتگرد تنظیم کا ٹھکانہ تباہ ہوگیا۔