خانپور ڈیم فیز تھری پراجیکٹ 30 جون تک مکمل کیا جائے‘ احسن اقبال

17 اپریل 2018

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ‘ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے تاخیر اور مجموعی لاگت بڑھنے کے حوالے سے تحفظات کے باوجود ایم این اے ملک ابراراحمد اور راولپنڈی کینٹونمنٹ کی درخواست پر خانپور ڈیم فیز تھری پراجیکٹ کے لئے 5کروڑ 70لاکھ روپے کے فنڈزفوری جاری کرنے کی ہدایت دیدی‘خانپور ڈیم فیز تھری پراجیکٹ 30جون 2018 تک مکمل کیا جائے ‘متعلقہ اداروں کو2008سے اب تک منصوبے کی تکمیل میں تاخیر اوربے ضابطگیوں پر کارروائی کے لئے کیسز بھجوائے جائیں گے ۔ پیر کو وزارت منصوبہ بندی‘ ترقی و اصلاحات میں سالانہ منصوبہ بندی تعاون کمیٹی (اے پی سی سی ) کا اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس کی صدارت وزیر منصوبہ بندی ‘ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کی ۔اجلاس کے ایجنڈے میں شامل خانپور ڈیم فیز تھری منصوبے پر بات چیت کے لئے ایم این اے ملک ابرار احمد ‘ایڈیشنل سیکرٹری وزارت دفاع اورکینٹ ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی سبطین رضا اجلاس میں شریک ہوئے ۔منصوبہ بندی ڈویژن کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ منصوبے کی تکمیل میں بہت تاخیر ہوچکی ہے اور مجموعی لاگت میں بھی بہت اضافہ ہوچکا ہے اس لئے اس منصوبے کو بند کردیا جائے ۔ ایم این اے ملک ابرار احمد نے کہا کہ خانپور ڈیم منصوبے کا آغاز 2008میں ہوا، اس منصوبے کی تکمیل میں اگر اداروں کی کوتاہی یا کسی جگہ پر بے ضابطگیاں ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے لیکن اس تاخیر یا کسی قسم کی بے ضابطگیوں میں موجودہ انتظامیہ کا کوئی عمل دخل نہیں ہے ‘بطور ایم این اے حلقے کے عوام کی آواز اٹھانے کے لئے آج یہاں بیٹھا ہوں ‘ یہ منصوبہ عوامی مفاد کا حامل منصوبہ ہے ‘اس منصوبے کے پہلے دو فیز مکمل ہونے سے کینٹ کے علاقوں میں پانی کی ترسیل ہورہی ہے‘ تیسرے فیز کی تکمیل سے کینٹ کی سویلین آبادی کو پانی کی بہتر مقدار مل سکے گی۔