ملک دشمن قوتیںکو وطن عزیز میں امن کانٹے کی طرح چبھ رہا ہے، فضل الرحمن خلیل
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)ملک دشمن قوتیں وطن عزیز پاکستان میں انتشار کی کیفیت پیدا کئے رکھنا چاہتی ہیں۔آپریشن ضرب عضب اور رد الفساد کے ثمرات سے خوف زدہ ہو کر پشتون تحریک کو لانچ کرنے کی کوشش کی گئی۔جس طرح عوام اور افواج کی قربانیوں سے دہشت کو شکست دی اسی طرح ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کا وقت آ چکا ہے۔ہندوستانی ایماء پر افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف کی جانے والی تمام سازشوں کو قومی وحدت اور یکجہتی کے ساتھ ناکام بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انصار الامہ پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خلیل نے اپنے جاری بیان میں کیا۔ان کا کہنا تھا اس وقت ہندوستانی فوج کشمیر میں اپنی وحشت و بربریت کی بد ترین مثالیں قائم کر رہی ہے۔ ایک طرف پاکستان کے مشرقی بارڈر پر آئے دن گولہ باری کے ذریعے معصوم شہریوں کو شہید کیا جا رہا ہے تو دوسری طرف افغانستان کے بارڈر سے کرائے کے قاتل بھیج کر فوجی جوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔مشرقی اور مغربی بارڈرکے اس افسو سناک منظر میں پشتون لانگ مارچ کی آوازیں بلند کرنے والوں کے عزائم تشویش ناک پیغام دے رہے ہیں۔ ہم دشمن قوتوں کے پراپیگنڈہ کا شکار ہونے والے نوجوانوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ یہ وقت پنجابی، سندھی، بلوچی، مہاجر اور پشتون کے خول نکل کر صرف اور صرف پاکستانی بن کر وطن دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنے کاہے۔