صدر کو نواز شریف کی سزائیں معاف کرنیکا قانونی حق ہے‘ افتخار چودھری

17 اپریل 2018

خانیوال‘ کبیروالا (خبر نگار‘ نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار) سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کا کہنا تھا نواز شریف کو سنائی جانے والی سزائیں صدر مملکت کو معاف کرنے کا قانونی حق حاصل ہے۔ احتساب کا عمل بلا امتیاز ہونا چاہیے۔ ایک فرد کا محاسبہ منصفوں کے انصاف پر انگلی اٹھا دیگا۔ الیکشن بروقت ہونے چاہیے جمہوریت کا تسلسل بہترین ’’چھلنی ‘‘ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے میجر آفتاب احمد خان ڈاہا کی وفات پر ان کے صاحبزادے وقار احمد خان ڈاہا سے تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا سیاست عبادت ہے اچھے لوگوں کو آگے آنا چاہیے ملک وقوم کی بد قسمتی ہے ایک ایسا ٹولا پاکستان پر مسلط ہے جو مافیا کی شکل اختیار کر چکا ہے نگران سیٹ اپ میں عدلیہ سے مشاورت کا کوئی ائینی جواز نہیں۔ انہوں نے کہا پرویز مشرف غدار ہے اور آئین کا باغی وہ کبھی پاکستان کی سر زمین پر قدم نہیں رکھے گا۔ اس موقع پر انہوں نے میجر آفتاب احمد خان ڈاہا کی سیاسی خدمات کو سراہا ۔ اور ان کے صاحبزادے کو الیکشن لڑنے کیلئے امداد کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ افتخار چودھری نے مزید کہا کہ عوام آئندہ الیکشن میں ہوش کے ناخن لیں ،سبز باغ دکھانے والے سیاستدانوں کو ووٹ نہ دیں ، پنجاب میں ترقی کے حکومتی دعوئوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے ،جنوبی پنجاب کو ’’صوبہ ‘‘ بنانے کا نعرہ آئندہ الیکشن جیتنے کا سیاسی ڈھونگ ہے ،ریاست بہاول پور کی صورت میں جنوبی پنجاب کو نیاصوبہ بنانے کا تمام سسٹم موجود ہے ،عدلیہ بحالی تحریک کے نتیجے میں عوام،وکلاء اور میڈیا نے ایک بھرپور جدوجہد کرکے پاکستان میں ہر قسم کے مارشل لاء لگنے کی گنجائش ختم ہوچکی ہے،الیکشن بروقت ہوں گے ،آئینی طور پر کسی قسم کی تاخیرنہیں ہوسکتی۔