نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا 21 رکنی وفد کولمبو پہنچ گیا

17 اپریل 2018

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا ایک 21 رکنی وفد میجر جنرل فیض حسین شاہ کی قیادت میں سری لنکا کے دورے پر کولمبو پہنچ گیا ہے۔ کولمبو میں پاکستانی ہائی کمشن کے مطابق اس وفد میں پاک فوج کے سینئر افسران کے علاوہ چین اور سعودی عرب کے افسر بھی شامل ہیں۔ یہ غیرملکی افسر بھی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں ان دنوں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ وفد نے کولمبو میں پاکستانی ہائی کمشن کا بھی دورہ کیا۔ جہاں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل شاہد احمد حشمت نے وفد کو پاک سری لنکا دوطرفہ تعلقات کے بارے میں بریفنگ دی۔ وفد اپنے مطالعاتی دورے میں سری لنکا کے سینئر فوجی افسروں سے ملاقاتیں کرے گا۔ وفد چیف آف ڈیفنس سٹاف سے بھی ملاقات کرے گا۔