جاوید علی شاہ کو خطے کے بے روزگاروں پر رونا نہیں آتا: مخالفین کی تنقید

17 اپریل 2018

شجاع آباد (نامہ نگار)سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی تاحیات نااہلی پر وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید جاوید علی شاہ کی گزشتہ روز ملتان جلسے سے خطاب کے دوران جذباتی ہو کر رونے کی نجی چینل پر چلنے والی خبر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ان کے حامی اور ان کے مخالفین دن بھر ویڈیو بابت گفت و شنید کرتے رہے حامیوں کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر سید جاوید علی شاہ اپنے لیڈر میاں نواز شریف سے بے پناہ الفت رکھتے ہیں اسی وجہ سے ان کی تاحیات نااہلی کے فیصلے پر وہ دل برداشتہ ہو کر جذباتی ہو گئے اور میاں نواز شریف کی محبت میں رو پڑے جب کہ مخالفین تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے کارکنان و عہدے داران سمیت عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید جاوید علی شاہ نے آج تک حلقے میں نامکمل ہونے والے منصوبوں جن میں شجاع آباد تا ناگ شاہ 27 کلومیٹر ایکسپریس وے کے 5 سال بعد بھی نامکمل ہونے پر آنسو تو نہیں بہائے جو اس حلقے کے عوام کو فائدہ پہنچانے کی بجائے اذیت کا سبب بنا ہوا ہے کیا انہوں نے کبھی اسمبلی میں اس خطے کے نوجوانوں کی بے روزگاری کے خاتمے کے لیے کوئی آواز اٹھائی اس پر تو انہیں کبھی رونا نہیں آیا گزشتہ دور میں انہوں نے جنرل پرویز مشرف (ر) کی آمریت میں (ق) لیگ میں شمولیت اختیار کر کے اقتدار کے مزے لوٹے آج ان کی میاں نواز شریف کے لیے جھوٹی محبت جاگ اٹھی ہے واٹس ایپ اور فیس بک پر عوامی ردعمل کے ساتھ ساتھ شہر بھر میں اس خبر کی بابت عوام اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے رہے۔