امن کا جواب امن سے ملے گا تو بات آگے بڑھے: بھارت

17 اپریل 2018

نئی دہلی (آن لائن‘ صباح نیوز) بھارتی وزیر خارجہ سشماسوراج نے کہا ہے کہ امن کا جواب امن سے ملے گا تو بات آگے بڑھے گی کیونکہ کشیدگی کے ماحول میں امن مذاکرات کامیاب نہیں ہوتے۔ پڑوسی ممالک بالخصوص پاکستان کے ساتھ پرامن تعلقات کو حکومت کی پہلی ترجیح قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی سطح پر امن اور ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق نئی دہلی میں تقریب کے دوران صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے سرحدوں پر تازہ کشیدگی کو بات چیت کے لئے تباہ کن قرار دیتے ہوئے سشما سوراج نے کہا بھارت نے پاکستان پر واضح کر دیا ہے کہ اس کی سرزمین سے بھارت مخالف دہشت گردی کو بند کرنا ہوگا۔ سرحد پر دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کیلئے پاکستان کو اقدامات اٹھانے ہی ہوں گے ۔ صباح نیوز کے مطابق افغانستان کے وزیردفاع طارق شاہ بہرامی نے نئی دہلی میں سشما سوراج سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بھارتی وزیرخارجہ نے کہاکہ نئی دہلی افغانستان میں قیام امن اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کابل کی مدد کرنے کو تیار ہے۔ نئی دہلی افغانستان میں قیام امن کیلئے کابل کے نئے منصوبے کی حمایت کرتا ہے۔