دانیال عزیز توہین عدالت کیس، ایک گواہ طلب کرنے کی استدعا منظور
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ آف پاکستان نے وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس میں وکیل صفائی کی جانب سے دو میں سے ایک گواہ کو طلب کرنے کی استدعا منظور کر لی ہے ۔عدالت نے دانیال عزیز کے وکیل کی پیمراکے ڈائریکٹرما نیٹرنگ حاجی آدم کو دوبارہ طلب کر نے کی استدعا مسترد کر دی ہے جبکہ عدالت نے قرار دیا کہ وکیل صفائی عدالت کو مذکورہ گواہ کی دو بارہ طلبی پر قائل نہیں کرسکے تا ہم انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لئے ایک نجی ٹی وی کے پروڈیوسر کاشف جبار کو طلب کرنے کی اجازت دی جاتی ہے ۔ عدالت میں دانیال عزیز کے وکیل نے جاوید ہاشمی کی پریس کانفرنس کی سی ڈی بھی پیش کی تو عدالت نے کہا کہ جاوید ہاشمی کی سی ڈی کا کیس سے تعلق نہیں بنتاجس پر عدالت نے جاوید ہاشمی کا بیان اس کیس میں غیرمتعلقہ قرار دے دیا۔جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے تو ہین عدالت کیس کی سماعت کی۔