صوبوں کا قیام تاریخی عمل، انتظامی بنیادوں پر نہیں بنائے جاسکتے: رضا ربانی

17 اپریل 2018

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سابق چیئرمین سینیٹ سینیٹر میاں رضا ربانی نے واضح کیا ہے کہ انتظامی بنیاد پر صوبے بنانے سے اندرونی تنازعات کو مزید بڑھنے کا موقع ملے گا اس سے یقینا وفاق بھی متاثر ہوگا پارلیمان خصوصا ایوانِ بالا کو گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کا اہتمام کرنا چاہئے معاملے کو کو قومی ڈائیلاگ کے ذریعے اجاگر کیا جائے یہ مسئلہ محض آئین کے آرٹیکل ایک میں ترمیم کرنے سے حل نہیں ہوگا اس کے تناظر میں مذید آئینی ترامیم کی جائیں گی اور اس کے وفاق اور صوبوں پر دور رس اثرات مرتب ہونگے ۔پیر کو اپنے ایک بیان میں سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ صوبے انتظامی سہولت کی بنیاد پہ نہیں بنائے جاسکتے، صوبوں کا قیام ایک تاریخی عمل ہے ۔ تاریخ کی نفی کرنے سے اندرونی تنازعات کو مذید بڑھنے کا موقع ملے گا اورصوبوں میں تناؤ پیدا ہوگا۔ لسانی، علاقائی اور قدرتی وسائل پر سوالات اٹھیں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ یہاں ضرورت ہے کہ ایک سیاسی فکر کو قومی ڈائیلاگ کے ذریعے اجاگر کیا جائے اور اس کے نتیجے میں وفاق اور صوبوں کے مسائل پر آئینی ترامیم کی جائیں۔